پاکستان: امن و تحمل کی زمین، جہاں نفرت کے لیے کوئی گنجائش نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے جہاں نفرت، فتنہ فساد اور دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

شہباز شریف نے دیوالی کی موقع پر تمام اقلیتوں اور اکثریت کے مذہبی، سیاسی و سماجی نمائندوں کی موجودگی کو پاکستان کے تصور کی عملی عکاسی قرار دیا۔

انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو بلا خوف و خطر اپنی رسومات ادا کرنے کا حق حاصل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے پاکستان کی تعمیر، دفاع اور ترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کی عزت کا باعث ہے۔

انہوں نے وفاقی کابینہ کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری اور قومی اقلیتی کمیشن بل کی کامیابی کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی لاکھوں ویڈیوز بغیر وارننگ ڈیلیٹ کردیں

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بتایا کہ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں اقلیتوں کو وظائف دیے جا رہے ہیں اور سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے پانچ فیصد کوٹہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نفرت، فتنہ فساد اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے۔

Scroll to Top