شناختی کارڈ مفت: نادرا نے خوشخبری سنادی

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں پہلی مرتبہ بننے والا شناختی کارڈ اب بالکل مفت جاری کیا جائے گا۔

نادرا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق شہری بغیر اسمارٹ چپ والا پہلا شناختی کارڈ کسی بھی نادرا مرکز سے مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کارڈ کے اجرا کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ کارڈ 15 دن کے اندر فراہم کیا جائے گا۔

نادرا کے اس فیصلے کو عوامی سطح پر خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مفت شناختی کارڈ کی یہ سہولت نادرا کی “پاک آئی ڈی” موبائل ایپ پر بھی فراہم کی جائے تاکہ مزید آسانی پیدا ہو۔

یہ بھی پڑھیں : نادرا نے فیس جمع کرانے کا طریقہ مزید آسان بنا دیا،تفصیل جانئے

نادرا نے شہریوں کے لیے فیس جمع کرانے کے عمل کو مزید آسان اور جدید بنا دیا ہے اور اب شہری بغیر کسی اضافی چارج کے راست (Raast) کیو آر کوڈ کے ذریعے چند سیکنڈز میں اپنی فیس ادا کر سکیں گے۔

یہ سہولت ملک بھر میں فعال کر دی گئی ہے تاکہ ادائیگی کا عمل تیز، محفوظ اور کیش لیس ہو۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق اب تمام مراکز سے جاری ہونے والی ٹوکن سلپس پر QR کوڈ شامل ہوگا، جسے شہری اپنے بینک کی موبائل ایپ یا کسی ڈیجیٹل والیٹ سے اسکین کر کے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں۔ اس نئے نظام کے ذریعے شہری مراکز پر لمبی قطاروں سے بچ سکیں گے اور گھر بیٹھے یا موقع پر ہی فیس ادا کر سکیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ نقدی کے استعمال میں کمی لانا اور ادائیگی کے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ نیا نظام تمام نادرا مراکز پر باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top