خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر کے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم ایز) کے چیئرمینوں کے اعزازیے کے لیے 2 کروڑ 54 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق یہ رقم مالی سال 2024-25 کی دوسری سہ ماہی کے لیے منظور کی گئی ہے اور صوبے کے 106 ٹی ایم ایز چیئرمینوں کو اعزازیے کی مد میں فراہم کی جائے گی۔
اعزازیے کی تفصیلات کے مطابق، تحصیل کے ہر چیئرمین کو ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے، جس کے تحت تین ماہ کے لیے ہر چیئرمین کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 40 ہزار روپے ملیں گے۔
محکمہ خزانہ نے بتایا کہ فنڈز کی منتقلی باقاعدہ منظوری کے بعد متعلقہ ٹی ایم ایز کو کی جائے گی تاکہ چیئرمینوں کو بروقت ادائیگی ممکن ہو اور صوبے میں تحصیل سطح کی خدمات کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔





