پہلی بار عالمی چیمپیئن: بھارت نے ویمن ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا

ممبئی: بھارت نے آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقا کو 52 رنز سے شکست دے کر پہلی بار عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ممبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا، تاہم اوورز میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔

جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کے لیے مدعو کیا۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹ پر 298 رنز بنائے۔

شفالی ورما نے 87، دپتی شرما نے 58 اور سمرتی مندھانا نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کی ایا بونگا کھاکا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 246 رنز بنا سکی۔ کپتان لورا وولوارٹ نے شاندار 101 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے گیارہ چوکے اور ایک چھکا لگایا، لیکن ان کی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکی۔

اینیری ڈریکسن نے 35 رنز بنائے۔ بھارتی بولرز میں دپتی شرما نے چار اور شفالی ورما نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ جیت بھارتی خواتین کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے، کیونکہ یہ ٹیم کی آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت یا جنوبی افریقہ؟ کون ہوگا ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا نیا چیمپئن؟ فیصلہ آج سامنے آئیگا

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آج بھارت اور جنوبی افریقہ ایک فیصلہ کن معرکے کیلئے ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگے۔ دونوں ٹیمیں تاریخ رقم کرنے کیلئے بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گی۔

1973 سے اب تک خواتین ون ڈے ورلڈ کپ صرف آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے حصے میں آیا ہے، لہٰذا آج کا فائنل کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئی چیمپئن ٹیم کے ظہور کا دن ثابت ہوگا۔ بھارتی ٹیم اس سے قبل 2005 اور 2017 میں دو مرتبہ فائنل کھیل چکی ہے، لیکن ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکی۔ اس بار بھارت نے سات مرتبہ فائنل جیتنے والی آسٹریلیا کو سنسنی خیز سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچی ہے۔ بھارتی کپتان ہرمین پریت کور نے فائنل سے قبل کہا کہ یہ میچ بھارت میں خواتین کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس بار بھارت کامیاب ہوا تو بین الاقوامی اور گھریلو سطح پر خواتین کرکٹ کے حوالے سے مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

Scroll to Top