اسلام آباد : جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات او سی آئی سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 3.775 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.050 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے۔
ستمبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 1.236 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ سال ستمبر کے 1.387 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10.9 فیصد کم ہے، جبکہ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں ماہانہ بنیادوں پر 3.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ اگست میں درآمدی بل 1.193 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پہلی سہ ماہی میں خام تیل کی درآمدات پر 1.430 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1.428 ارب ڈالر کے برابر رہی۔
خام تیل کی مقدار میں اضافہ بھی دیکھا گیا اور 2,523,800 ٹن خام تیل درآمد ہوئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2,154,461 ٹن تھی، یعنی 17.1 فیصد اضافہ۔
دریں اثنا آر ایل این جی کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور پہلی سہ ماہی میں 1.025 ارب ڈالر کی آر ایل این جی درآمد ہوئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 715 ملین ڈالر کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تعلیم میں بڑا بدلاؤ: خیبرپختونخوا کے سکول جدید ٹیکنالوجی اور تربیت کے نئے دور میں داخل
ایل پی جی کی درآمدات میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا اور پہلی سہ ماہی میں 240 ملین ڈالر ریکارڈ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 235 ملین ڈالر تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق اگرچہ مجموعی پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی ہوئی ہے، لیکن خام تیل اور ایل این جی میں اضافہ توانائی کے شعبے میں ضروری حجم کی فراہمی کی نشاندہی کرتا ہے۔





