فیصل آباد: قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی کپتانی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ اس ذمہ داری کو بہترین انداز میں نبھائیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ فیصل آباد میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی سب کھلاڑیوں کے لیے جوش اور امید کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اچھی کرکٹ کھیلتی ہے، جبکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا۔
کپتان نے مزید کہا کہ اب ان کا کام کرکٹ کھیلنا ہے اور ٹیم کی قیادت فرنٹ سے کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
فیصل آباد میں چیمپیئنز کپ کا تجربہ بھی کارآمد ثابت ہوا، اور موسم اب زیادہ بہتر ہے، شام میں بال گیلا ہوگا۔
شاہین نے بابر اعظم کے فارم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور ان کے اچھے فارم سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پہلا ون ڈے: پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی
17 سال بعد فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ہوگئیں۔
اقبال اسٹیڈیم میں آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پہلے ون ڈے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی پہلی بار ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز ہے اور بابر اعظم کا فارم میں آنا پاکستان کے لیے انتہائی ضروری تھا۔
سیریز کے لیے خصوصی ٹرافی کی رونمائی بھی کر دی گئی اور میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔
واضح رہے کہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں آخری انٹرنیشنل میچ 2008 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا، جس کے بعد 17 سال بعد شہر میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔




