پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیموں کی ویلیوایشن رپورٹ مکمل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام موجودہ فرنچائزز کو معاہدوں کی تجدید کی باضابطہ پیشکش ارسال کر دی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے فرنچائز مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن تک اپنے فیصلے سے بورڈ کو آگاہ کریں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کو دو نئی فرنچائزز کی ممکنہ قیمت سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی موصول ہو گئی ہے، جس کے بعد لیگ میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کا عمل تیز کیے جانے کا امکان ہے۔
پی سی بی جلد ہی نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر جاری کرے گا۔
نئی فرنچائزز کے لیے جن شہروں پر غور کیا جا رہا ہے ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ فرنچائزز کے ساتھ منصفانہ اور شفاف تعلقات قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور لیگ کے مستقبل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فرنچائز کے نئے 10 سالہ معاہدے کی تیاریاں آخری مراحل میں
پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ فرنچائزز کے ساتھ منصفانہ اور شفاف تعلقات قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور لیگ کے مستقبل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے چارٹرڈ فرم اے وائے مینا کے نمائندے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کے دوران نئی ویلیوایشن رپورٹ پیش کی، اس موقع پرپی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور سی او او سمیر سید بھی موجود تھے۔
محسن اقبال اور ان کی ٹیم نے فرنچائز کی مارکیٹ ویلیو اور نئے معاہدے کے لیے بنیادی ڈھانچہ پیش کیا جس پر چیئرمین پی سی بی نے تفصیلی سوالات کیے تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے چارٹرڈ فرم کو ہدایت دی کہ وہ تمام فرنچائزز سے ملاقاتیں کریں، نئی ویلیوایشن رپورٹ کی بنیاد پر نیا فرنچائز معاہدہ طے کیا جائے گا جس میں صرف اہل فرنچائزز شامل ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی موجودہ 6 فرنچائز کے معاہدے دسمبر میں ختم ہو رہے ہیں اور آئندہ سیزن کے ساتھ فرنچائزز کی تعداد بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔





