کہیں ابرآلود آسمان، کہیں یخ بستہ ہوائیں محکمۂ موسمیات نے اسلام آباد،خیبر پختونخوا سے گلگت تک موسم کی تفصیلی صورتحال بتا دی۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی خطوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں سموگ کا سلسلہ برقرار رہے گا۔محکمے نے بتایا کہ صبح اور رات کے اوقات میں کئی مقامات پر ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی رفتار متاثر ہونے کا امکان ہے۔
مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ٹھنڈ میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔بالائی اور پہاڑی علاقوں، جیسے دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ صبح و رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں، خصوصاً کوئٹہ، زیارت، قلات اور پشین میں شدید سردی قائم رہے گی۔محکمۂ موسمیات کے مطابق رات اور صبح کے وقت درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔
سندھ کے تمام اضلاع میں موسم خشک اور قدرے ٹھنڈا رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔کراچی میں رات کے وقت درجہ حرارت میں معمولی کمی اور ہواؤں میں خنکی برقرار رہے گی۔
بالائی علاقوں میں موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں درجہ حرارت شدید حد تک کم رہے گا۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت درج ذیل رہے:
سکردو: منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ
لہہ: منفی 06 ڈگری
گلگت: منفی 04 ڈگری
کوئٹہ، گوپس، استور: منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ
ملک بھر میں سرد ہواؤں کا راج برقرار ہے، تاہم بارش کا کوئی واضح امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔ بیشتر علاقوں میں خشک موسم رہے گا جبکہ شمالی اور پہاڑی خطوں میں سردی کی شدت بڑھی رہے گی۔





