اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ ملک کو نقصان پہنچانے والی پالیسیوں پر تنقید جاری رکھیں گے اور حق و سچ کی بات کرنے سے کبھی نہیں رکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج کے احتجاج کے حوالے سے سلمان اکرم راجا تفصیلات دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی تحریک پہلے ہی جاری ہے اور 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا، اسی پر عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے وفاق پر زور دیا کہ صوبے کو ترقی دینے کے لیے 3 ہزار ارب روپے کی ادائیگی کریں، تاکہ خیبر پختونخوا کی ترقی ممکن ہو سکے۔
سہیل آفریدی نے ہری پور ضمنی الیکشن کے دوران فارم 45 اور آر او کی جانب سے جاری نتائج میں فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید براں حویلیاں جلسے میں ان کی تقریر آئین و قانون کے دائرے میں تھی، جس میں صرف یہ کہا گیا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کیے جانے میں کوئی غلطی نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں : اڈیالہ دھرنا، علیمہ خان نےبڑا اعلان کردیا
یاد رہے کہ ابھی کچھ دیر پہلے اڈیالہ جیل کے باہر جاری دھرنا اس وقت ختم کر دیا گیا جب علامہ راجہ ناصر کی جانب سے خصوصی دعا کرائی گئی، جس میں نومبر کے شہداء، عمران خان کی رہائی اور ملک کے لیے خصوصی دعائیں شامل تھیں۔ دھرنے کے خاتمے کے باوجود شرکاء اور رہنماؤں نے عمران خان کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مختلف افواہیں سننے کو مل رہی تھیں کہ شاید عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل کر دیا گیا ہے، لیکن اس حوالے سے باضابطہ کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس سے کارکنوں کی پریشانی بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی نے یہ تک نہیں بتایا کہ عمران خان کہاں ہیں، ایسی افواہیں صرف بےچینی میں اضافہ کرتی ہیں۔
نورین نیازی نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، اور اگر انہیں صرف پانچ منٹ کی ملاقات کی اجازت مل جاتی تو دھرنا فوری طور پر ختم کر دیا جاتا۔
شوکت بسرا نے بھی خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شک یقین میں بدل رہا ہے کہ شاید عمران خان کو اڈیالہ سے منتقل کر دیا گیا ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک شفاف معلومات نہیں دی جاتیں، کارکنوں کا اضطراب برقرار رہے گا۔





