سائبر کرائم کرنے والا کہیں بھی ہو، قانون کی گرفت میں لانا ہے، محسن نقوی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے اور زیر التوا شکایات و مقدمات کو جلد نمٹانے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سائبر کرائم کے خلاف جاری آپریشنز، تحقیقات اور مختلف مقدمات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران آن لائن مالیاتی فراڈ، ہراسانی اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر اور تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شکایات سیل، فرانزک لیب اور انویسٹی گیشن ونگ کا معائنہ بھی کیا، جبکہ شہری کی جانب سے شکایت درج کرانے سے لے کر تفتیش اور ملزمان کے خلاف کارروائی تک پورے نظام کا جائزہ لیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سائبر کرائم کرنے والا شخص چاہے کہیں بھی بیٹھا ہو، اسے قانون کی گرفت میں لانا ہے۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لینے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے، ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آنی چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈیجیٹل فرانزک کی استعداد بڑھانے، جدید فرانزک ٹولز کے استعمال اور تفتیشی افسران کی خصوصی تربیت کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں، جعلی اکاؤنٹس، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : سوزوکی کلٹس VXL AGS کی قیمت اور آسان اقساط کی تفصیلات جاری

محسن نقوی نے کہا کہ مالیاتی فراڈ کی شکایت موصول ہوتے ہی فوری رسپانس کا نظام مؤثر بنایا جائے تاکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ بروقت رابطے کے ذریعے متاثرہ شہری کی رقم محفوظ بنانے اور ملزمان تک پہنچنے کے امکانات بڑھائے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے نئے طریقوں کا مقابلہ روایتی تفتیش سے نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ NCCIA کو حقیقی معنوں میں پاکستان کی سائبر پولیس بنانا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں تحفظ فراہم کرے۔

وزیر داخلہ نے خواتین اور بچوں کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے متعلق شکایات کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ڈیٹا، پرائیویسی اور مالی مفادات کا تحفظ NCCIA کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی، ضروری وسائل اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

محسن نقوی نے سائبر کرائم سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو فراڈ کے نئے طریقوں سے بروقت آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈی جی NCCIA نے وفاقی وزیر داخلہ کو سینٹرل زون کی کارکردگی، زیر تفتیش مقدمات، سائبر فراڈ کے رجحانات اور جاری کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

Scroll to Top