شیوہ اڈہ چوک میں بس اور فلائنگ کوچ کے درمیان ٹکر، 2 ہلاک اور متعدد زخمی، ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کی
تفصیلات کے مطابق شیوہ اڈہ چوک کے مقام پر ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں فلائنگ کوچ اور بس کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور پندرہ شدید زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک 2 سالہ بچہ اور فلائنگ کوچ کا ڈرائیور شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلائنگ کوچ بٹ خیلہ سے اسلام آباد جا رہی تھی اور اس میں سوار تمام مسافر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ حادثے کے فوری بعد ریسکیو 1122 کی پانچ ایمبولینسز موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق زخمیوں میں سے کچھ کو ابتدائی علاج کے بعد کالوخان ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ریفر کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور ہسپتالوں میں ہنگامی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حادثے والے علاقے میں احتیاط برتیں اور ریسکیو اہلکاروں کو موقع پر کام کرنے دیں۔ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ٹریفک حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔





