وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ، دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت متوقع
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور ہمہ جہتی تعلقات کی تجدید عہد کا مظہر ہے۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا بھی اس دورے میں موجود ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم بحرین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی جائے گی۔
دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران مختلف شعبوں میں باہمی مفاہمت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بھی غور کیا جائے گا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو براہِ راست فوائد حاصل ہوں۔





