شمالی وزیرستان ،دتہ خیل خودکش حملے کے دو سہولت کار گرفتار

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر دہشتگردوں اور انکے سہولتکاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے ۔

میرانشاہ میں سی ٹی ڈی شمالی وزیرستان نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جسکے نتیجے میں دتہ خیل بازار میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے دو سہولتکار گرفتار کرلیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : سرزمین کا تحفظ اور قومی سالمیت اولین ترجیح ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فیلڈ مارشل

گرفتار دہشتگردوں کی شناخت یارمجان ولد بادشاہ دین اور لطیف اللہ ولد شانہ جان ساکنان دتہ خیل کے نام سے ہوئی جو دہشتگردی، قتل و اقدام قتل کے واقعات میں ملوث اشتہاری مجرمان ہیں۔

واضح رہے دتہ خیل بازار میں واقع پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکہ کیا گیا تھا جس میں پولیس کانسٹیبل حکیم خان سمیت سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار بشمول ایک حوالدار اور ایک شہری شہید ہوگئے تھے جسکا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی بنوں میں درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ضلع ہنگو میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خانزیب کے مطابق ہنگو کے شاہو روڈ پر قاضی تالاب پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین اہلکار شہید ہوگئے۔

 انہوں نے کہاکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔

Scroll to Top