وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عوامی خدمت کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا سارا فوکس ایک غیر قانونی مطالبے اور کرپشن کیس میں سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی رہنمائی حاصل کرنے پر ہے۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بجائے اس کے کہ پی ٹی آئی قیادت امن، ترقی اور عوامی ریلیف پر توجہ دے، پوری جماعت کی سیاست دن رات اسلام آباد میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں عوامی مسائل موجود ہیں مگر وزیراعلیٰ اور پارٹی قیادت سیاسی ہنگامہ آرائی میں مصروف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی ایک خاتون سیاستدان نے منفی اور خطرناک حکمتِ عملی اپناتے ہوئے پاکستان دشمن مہم چلائی۔
مہم کے تحت افغانستان سے چلنے والے پاکستان مخالف سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور بھارتی میڈیا نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے گھٹیا پروپیگنڈا کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اس طرح کی مہم کھلی پاکستان دشمنی کے مترادف ہے اور اس نے ملک کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر ریاست اور قومی مفاد کے خلاف مہم ناقابلِ برداشت ہے۔
عطا تارڑ نے تحریکِ انصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست اور عوام کے مفاد کو مقدم رکھے اور عوامی خدمت، ترقی اور استحکام پر توجہ دے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو چیلنجز کا سامنا ہے اور ایسے وقت میں سیاسی بلوغت اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل دھرنا ختم، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اب احتجاج کی کال دے دی
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے رات بھر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دیا۔
انہوں نے دھرنا ختم کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ کا رخ کیا تاکہ ملاقات کے لیے عدالتی حکم نامہ حاصل کر سکیں، تاہم وہاں سے بھی کوئی رعایت یا اجازت نہیں ملی۔





