عمران خان کی صحت سے متعلق افواہوں پر حکومت اور جیل حکام کی وضاحت

وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خرابی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں اور عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں اور عمران خان کو جیل میں تمام قانونی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سینیٹ میں پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق احتجاج کے دوران وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبریں جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں، عمران خان بالکل صحت مند ہیں اور انہیں جیل میں وہ تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جن کا انہیں قانون کے مطابق حق حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے بارے میں بھارتی میڈیا کی خبریں بے بنیاد ہیں، علی امین خان

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جعلی اطلاعات پھیلائی گئیں، تاہم سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رابطے کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ عمران خان کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں اور ان کی صحت میں کسی قسم کی خرابی نہیں پائی گئی۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل حکام نے بھی عمران خان کی صحت سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان جیل میں مکمل طور پر صحت مند اور محفوظ ہیں۔

حکام کے مطابق ان کی روزمرہ سرگرمیوں، ملاقاتوں اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تمام انتظامات جیل قوانین اور مینوئل کے مطابق جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی میڈیا بانی پی ٹی آئی کی ترجمانی کر رہا ہے،عطاتارڑ

جیل انتظامیہ نے بتایا کہ عمران خان کو ایک مخصوص بیرک الاٹ کی گئی ہے جس میں چھ کمرے ان کے استعمال میں ہیں۔ ان کمروں میں بنیادی سہولیات کے ساتھ ٹی وی اور اخبارات کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی حالات سے آگاہ رہ سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام سہولیات قانونی تقاضوں کے مطابق ہیں اور ان میں کسی غیر معمولی رعایت کا کوئی عنصر شامل نہیں۔

عمران خان کی صحت سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کے بعد ان کی بہن علیمہ خان نے پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو خط تحریر کیا ہے۔

اپنے خط میں انہوں نے عمران خان کی صحت اور حفاظت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں ضروری اقدامات کی درخواست کی ہے۔

Scroll to Top