پشاور ریڈیو پاکستان حملہ کیس، ملزمان کی شناخت اور فرانزک تصدیق کے لیے درخواست پیش

پشاور ریڈیو پاکستان حملہ کیس، ملزمان کی شناخت اور فرانزک تصدیق کے لیے درخواست پیش

پشاور ریڈیو پاکستان حملہ کیس،ملزمان کی شناخت اور فرانزک تصدیق کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر

نو مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان کی فرانزک تصدیق اور شناخت کے لیے اہم قانونی درخواست انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں دائر کردی گئی ہے۔درخواست مدعی مقدمہ کے وکیل شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی، جس میں ملزمان کی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) سے کرائم ویڈیوز کی تصدیق اور نادرا سے شناخت کی سفارش کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حملے کے دوران ریکارڈ کی گئی کرائم ویڈیوز کے معائنے سے نہ صرف حملے میں شامل عناصر کی شناخت ممکن ہو سکے گی بلکہ احتجاج میں شامل دیگر جانے پہچانے افراد کی بھی درست شناخت ہو سکے گی۔ یہ فرانزک معائنہ ملزمان کی اصل شناخت کی تصدیق کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

مزید برآں درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی کہ ویڈیوز کو براہِ راست ارسال کیا جائے یا کسی متعلقہ پولیس تفتیشی ونگ کو حکم دیا جائے تاکہ فرانزک تجزیہ مکمل کیا جا سکے۔ درخواست کے ساتھ تمام ویڈیوز کی یو ایس بی بھی جمع کروا دی گئی ہیں تاکہ عدالت کے معائنے کے لیے مکمل دستاویزات دستیاب ہوں۔

مدعی مقدمہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ فرانزک تصدیق کے بغیر اصل ملزمان کی شناخت ممکن نہیں، اور اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے بھی اس حوالے سے موجود ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزمان کی شناخت اور فرانزک تصدیق کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے تاکہ انصاف کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیرداخلہ کا اچانک اسلام آبادایئرپورٹ کا دورہ، ویزا ایجنٹ کیخلاف کارروائی کا حکم

Scroll to Top