جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ریٹائرمنٹ پر ریاست مخالف پروپیگنڈا بے نقاب، دفاعی حلقوں نے منظم سیاسی ایجنڈے کے تحت بدامنی پھیلانے کی کوشش کی نشاندہی کر دی
تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا کی باعزت ریٹائرمنٹ کے موقع پر بعض سیاسی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے گمراہ کن اور من گھڑت بیانیہ پھیلانا شروع کر دیا ہے، جسے دفاعی حلقوں نے ملک مخالف عناصر کی منظم سازش قرار دیا ہے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق یہ عناصر ماضی کی طرح ایک سیاسی ایجنڈے کے تحت عوام کو گمراہ کرنے اور ملک میں بدامنی، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں بھی جھوٹی، بے بنیاد اور حقائق کے منافی تھیں۔ اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل ہجوم نے ریاستی تنصیبات پر حملہ کیا، تاہم پاک فوج کا ردعمل براہِ راست آرمی چیف کی ہدایات کے مطابق آفیشل چین آف کمانڈ کے تحت عمل میں آیا۔
دفاعی حلقوں نے مزید واضح کیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا عہدہ کسی بھی سروس میں آپریشنل معاملات میں براہِ راست کردار ادا نہیں کرتا اور 9 مئی کے واقعات میں بھی سی جے سی ایس سی کسی قسم کی آپریشنل ہدایات میں شامل نہیں تھا۔
پاک فوج نے زور دیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے کردار سے متعلق کسی بھی الزام یا اشارے کا پھیلانا من گھڑت اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سازشی کہانیاں صرف اداروں کو بدنام کرنے اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔
ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے خبریں حاصل کریں اور کسی بھی پروپیگنڈا یا من گھڑت مواد پر بھروسہ نہ کریں۔ پاک فوج ملکی دفاع، امن اور استحکام کے لیے مکمل طور پر سرگرم اور متحد ہے اور کسی بھی غیر مستند پروپیگنڈا کے سامنے نہیں جھکے گی۔





