ویزوں پر پابندی کا معاملہ،یو اے ای کے قونصل جنرل کی وضاحت سامنے آگئی

پاکستانیوں کے لیے ویزوں کی بندش سے متعلق مختلف سوشل میڈیا رپورٹس کے بعدمتحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور ویزہ پالیسی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔

اماراتی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی قسم کی بندش نہیں کی گئی۔

ان کے مطابق کچھ عناصر یو اے ای کے ویزے روکنے سے متعلق افواہیں پھیلا کر غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں موجود ایشیا کے سب سے بڑے اماراتی ویزا سینٹر میں پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے عملہ مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے۔

قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ علاج و معالجے، تعلیمی سیمینار اور دیگر خدماتی مقاصد کے لیے پاکستانی شہریوں کے ساتھ تعاون بدستور جاری ہے البتہ بعض اقسام کے ویزوں کے لیے پہلے سے وقت لینا ضروری ہوتا ہےجو معمول کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام

Scroll to Top