مصر کے وزیرِ خارجہ کا دورہ پاکستان: دوطرفہ تعلقات اور فلسطین پر اہم پیش رفت

اسلام آباد:مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کے پاکستان دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، دفاع، تعلیم، ثقافت اور تجارت میں تعاون بڑھانے کے علاوہ فلسطین کی صورتحال پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے 29 اور 30 نومبر 2025 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، جو نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ہوا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ خاص طور پر پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام میں مصر کی معاونت پر بات چیت ہوئی۔

دوطرفہ کاروباری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اور پہلے مرحلے میں 250 اور دوسرے مرحلے میں 500 پاکستانی بزنس ہاؤسز کے لیے ویزا سہولت کی نشاندہی کی جائے گی۔

آئندہ سال دوسری سہ ماہی میں پاکستان،مصر بزنس فورم کے اجلاس کے موقع پر مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کا انعقاد کیا جائے گا، جس کی مشترکہ صدارت دونوں وزرائے خارجہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ماں کی رات بھر منتیں، تین سالہ ابراہیم مین ہول میں لاپتا، تلاش جاری

مزید برآں 2026 کی پہلی سہ ماہی میں سینئر سطح کے سرکاری اجلاس منعقد کرنے اور دوطرفہ ادارہ جاتی میکانزم کو فعال کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

مصری وزیرِ خارجہ نے پاکستانی طلبہ کے لیے الازہر یونیورسٹی کے اسکالرشپس دوگنا کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی استحکام اور غزہ کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون، فوجی تربیتی روابط، سکیورٹی امور اور خطے کے استحکام پر گفتگو کی گئی۔

Scroll to Top