ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمندوں کو خبردار کردیا

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیا میں سرگرم منظم گروہ لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ اور فوری ملازمت کا جھانسہ دے کر لوگوں کو اپنے جال میں پھانس رہے ہیں، جہاں پہنچ کر انہیں غیر قانونی سرگرمیوں پر مجبور کیا جاتا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمود علی کھوکھر کے مطابق یہ گروہ تھائی لینڈ، میانمار، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا میں اپنے نیٹ ورکس چلا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو فرضی کمپنیوں کے نام پر ملازمتیں دی جاتی ہیں اور وہاں پہنچنے پر انہیں سائبر فراڈ اور مالیاتی جرائم میں استعمال کیا جاتا ہے۔

کھوکھر کے مطابق یہ گروہ متاثرہ افراد کے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات ضبط کر لیتے ہیں، انہیں دھمکیاں دیتے ہیں اور نافرمانی کی صورت میں ان کے گھر والوں سے بھاری رقوم وصول کرتے ہیں۔

کئی پاکستانی اس صورتحال میں پھنس کر نہ صرف مالی نقصان اٹھاتے ہیں بلکہ اپنی آزادی بھی کھو بیٹھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی بیان بازی کا جواب بیان بازی سے دیا جائے گا، فیصل واوڈا

ایف آئی اے نے بیرون ملک روزگار کے خواہشمند شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی ملازمت کی پیشکش حکومتی ذرائع سے تصدیق کیے بغیر قبول نہ کی جائے۔

ادارے نے اپیل کی ہے کہ مشکوک رابطوں، غیر رسمی بھرتیوں یا غیر معمولی تنخواہوں کے وعدوں کی صورت میں فوراً ایف آئی اے سے رابطہ کیا جائے۔

ایجنسی نے خبردار کیا کہ جو پیشکش بظاہر سنہری موقع دکھائی دیتی ہے وہ حقیقت میں زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

Scroll to Top