اسلام آباد: اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان بیرون ملک اور اندرون ملک دشمن عناصر کو خود جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو ملک کے خلاف بیانیہ پھیلا رہے ہیں، غداری کے زمرے میں آتے ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے منصوبے مبینہ طور پر بھارت اور افغانستان سے جڑی سازشوں کے تحت آگے بڑھائے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست پہلے ہی دہشت گردی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو غدار قرار دے چکی ہے اور اب پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف کوئی بھی غلط بیانیہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سینیٹر واوڈا کے مطابق جو بھی شخص ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہوگا، اسے قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹی اے کی جانب سے چمن بارڈر پر بلااشتعال فائرنگ،سیکیورٹی فورسز کا موثر جواب
انہوں نے زور دیا کہ عوام اور قومی ادارے متحد رہیں تاکہ دشمن عناصر کے منصوبے ناکام بنائے جا سکیں اور ملک میں دیرپا امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات ریاست کی سالمیت اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں اور کسی بھی قسم کا ملک دشمن بیانیہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔





