خیبرپختونخوا بالائی علاقوں میں برفباری، میدانی اضلاع میں بارش متوقع، پی ڈی ایم اے نے پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں 13 سے 15 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات رپورٹ کے مطابق صوبے کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ہفتے کے روز سے بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور دیگر بالائی اضلاع میں 13 سے 15 دسمبر کے دوران بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ اور صوابی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث ناران، کاغان اور دیگر بالائی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ شدید بارش اور برفباری کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری، عملہ اور دیگر وسائل تیار رکھیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر بالائی علاقوں کا رخ کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری متعلقہ ضلعی انتظامیہ یا ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔





