شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے

حد نگاہ صفر، شدید دھند کے باعث ایم ون، ایم فور، ایم الیون سمیت کئی موٹر ویز بند، شہریوں کو دن کے اوقات میں سفر کا مشورہ

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا ہے۔

موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر ہو چکی ہے، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت مختلف موٹر ویز پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

اسی طرح موٹر وے ایم فور گوجرہ سے عبدالحکیم تک، موٹر وے ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک دھند کی شدت کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ مزید برآں موٹر وے ایم تھری فیض پور انٹر چینج سے جڑانوالہ تک سفر کے لیے ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ایم فور پر پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹر وے ایم فائیو پر ملتان سے ظاہر پیر تک بھی سفر ممکن نہیں رہا۔ علاوہ ازیں قومی شاہراہ کے مختلف حصوں پر بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جن میں مانگا منڈی، پھول نگر، جمبر اور پتوکی شامل ہیں، جبکہ اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں بھی حد نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے۔

موٹر وے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں، فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

سفر کرنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو محفوظ اوقات یعنی صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کو ترجیح دیں۔ موٹر وے پولیس نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے شہری موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top