کامران علی شاہ
پشاور: ایف آئی اے لنک آفس اٹلی کی نشاندہی پر کوہاٹ زون میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے دوران افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اٹلی بھجوانے میں ملوث دو ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شفیع اللہ اور خورشید کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں پشاور کے صدر علاقے میں واقع وزیرستان پلازہ میں قائم ایک خفیہ دفتر سے حراست میں لیا گیا۔ اس سے قبل بھی ان کی گرفتاری کے لیے ہنگو اور تھل میں چھاپے مارے گئے تھے۔
ملزمان کو جدید وسائل اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جبکہ کارروائی ایف آئی اے امیگریشن لائزان آفس اٹلی کی رپورٹ پر عمل میں لائی گئی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹس پر کابل سے سعودی عرب اسمگل کرنے میں بھی ملوث تھے۔
چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 15 پاکستانی پاسپورٹ اور موبائل فون برآمد کیے گئے، جبکہ ان کے موبائل فونز سے پاکستانی اور افغان پاسپورٹس سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ کے علاقے میں انسانیت سوز واقعہ، کمسن بچی کا سنگسار کر کے قتل، ملزمان کی تلاش جاری
ریکارڈ کے مطابق، گرفتار ملزمان ایف آئی اے پشاور زون کو بھی انسانی اسمگلنگ کے مقدمات میں مطلوب تھے اور متعدد شہریوں سے ویزا فراڈ کے ذریعے بھاری رقوم بٹور چکے تھے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں۔