ملکی سلامتی کے نام پر فضائی حدود کی بندش میں توسیع، بھارت کی پروازیں 23 جنوری تک معطل
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی مزید توسیع کر دی ہے۔ پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے حکومت کی منظوری کے بعد نیا نوٹم جاری کیا ہے، جس کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود 23 جنوری 2026 تک بند رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ 23 اپریل 2025 سے مرحلہ وار نافذ کیا تھا، اور اب یہ بندش مزید ایک ماہ کے لیے بڑھا دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملکی فضائی سیکیورٹی اور دیگر داخلی و خارجی عوامل کو مدنظر رکھنا بتایا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، بھارت کے طیارے اس مدت میں پاکستان کے فضائی راستے استعمال نہیں کر سکیں گے، جبکہ پاکستانی ائیرپورٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ کمپنیوں اور بین الاقوامی اداروں کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اس بندش کا اثر دونوں ممالک کے تجارتی اور سفارتی رابطوں پر بھی پڑ سکتا ہے، تاہم پاکستان کی جانب سے یہ اقدام ملکی سلامتی اور قومی مفاد کے تحت ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش مرحلہ وار توسیع کی جا رہی تھی، اور موجودہ فیصلہ اس پالیسی کو مزید مستحکم کرتا ہے۔





