لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ کے حالیہ عمل نے دو قومی نظریہ ایک بار پھر یاد دلا دیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں، اس ملک اور اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ایک خاتون آفیسر کی عزت افزائی کی ویڈیو بھی شیئر کی اور کہا کہ پاکستان میں خواتین کے احترام اور وقار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار نے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آیوش وزارت کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں پیش آیا، جہاں آیوش ڈاکٹروں کو تقرر نامے دیے جا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کے دعوے کھوکھلے، پی ٹی آئی نے کوئی پیش رفت نہیں کی، مولانا فضل الرحمان
نقاب کھینچنے کے اس واقعے کو بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شرمناک قرار دیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنو میں سماجوادی پارٹی کی رہنما سمیہ رانا نے نتیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔





