جڑواں شہروں میں تیز اور کبھی ہلکی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں موسم سرد ہوگیا ہے۔ شہر کے مختلف سیکٹرز میں ہلکی بارش جاری ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش بھی ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس، ایف سیون، جی ایٹ، اور مارگلہ سائیڈ سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہو رہی ہے، جس نے شہر کی فضاء کو خوشگوار اور سرد بنا دیا ہے۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارشیں جاری ہیں، جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارشوں کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا ہے، تاہم سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 22 دسمبر تک اسلام آباد، راولپنڈی، اور پوٹھوہار ریجن میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بارشوں کے ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : برفباری اور بارشوں نے موسم بدل دیا، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

مزید یہ کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ میں بھی 22دسمبر تک بارشیں جاری رہنے کی توقع ہے، اور بالائی علاقوں میں درمیانی برف باری بھی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم جزوی ابر آلود رہے گا، اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، پنجگور، خضدار، واشک، چاغی، خاران اور کالات میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔

یہ موسمی صورتحال پورے ملک میں سردی میں اضافے کا باعث بنے گی اور شہریوں کو گرم کپڑوں کا استعمال کرنے کی ضرورت ہوگی۔

Scroll to Top