پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ مناسب نہیں تھا، تاہم پاکستانی ٹیم نے اعلیٰ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحمل اور وقار کو ترجیح دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچ شاہد انور، کپتان فرحان یوسف اور اوپنر سمیر منہاس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے میدان میں غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا، لیکن انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو واضح ہدایات دیں کہ اشتعال میں آئے بغیر اپنا کھیل اور رویہ مثبت رکھا جائے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے اپنی فتح کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ منایا، بھارت نے جو رویہ اپنایا وہ ان کا ذاتی عمل تھا، کرکٹ ایک مہذب کھیل ہے اور اس میں برداشت اور اخلاقیات کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک میچ کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک مکمل عمل کا ثمر ہے، جس کا اصل کریڈٹ نوجوان کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور محنت کی اور ٹیم ورک کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔
مینٹور کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں یہی نوجوان کھلاڑی پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوئی، جہاں وزیراعظم نے بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا، جس پر کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔





