پی ٹی آئی مذاکرات کو نظرانداز کر کے بغاوت کی راہ اختیار کر رہی ہے، رانا ثنا

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لیے کوئی راستہ بند نہیں کیا گیا اور یہ بات بالکل غلط ہے کہ حکومت نے انہیں جمہوری عمل سے خارج کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے چار بار مذاکرات کے لیے دروازے کھلے رکھے، لیکن تحریک انصاف ایک ہی راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے جو بغاوت اور مخالفین کو ختم کرنے کی کوشش پر مبنی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ایک گروہ افراتفری، انارکی اور فتنہ پھیلانے کے لیے سرگرم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب قانون ہاتھ میں لیا جائے گا تو قانون اپنا راستہ چنے گا، اور اگر تحریک کی جدوجہد مختلف طریقے سے ہوئی تو حکومت کی تیاری بھی اسی کے مطابق ہوگی۔

انہوں نے کہاحکومت نے ہمیشہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام مواقع فراہم کیے ہیں۔

مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، لیکن جب ایک گروہ انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان نے بھی پروگرام میں کہا کہ تحریک انصاف اس بار احتجاج کے لیے پوری تیاری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور نیکسٹ لیول کی اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مانسہرہ سے مری تک: برفباری اور بارش نے قدرتی حسن دوبالا کر دیا

شفیع جان نے بتایا کہ 8 فروری کو پہیہ جام شٹرڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تحریک کی رہنمائی محمود خان اچکزئی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی تحریک کی کال دی جائے گی تو لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے اور احتجاج میں بھرپور حصہ لیں گے۔

شفیع جان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پی ٹی آئی کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنے کا موقع فراہم کرے۔

Scroll to Top