پی آئی اے کی تاریخ بدلنے والا دن: آج نجکاری کا فیصلہ ہوگا

اسلام آباد: نجکاری کمیشن نے قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق آج بروز منگل پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی بولی کا انعقاد کیا جائے گا۔

نجکاری کمیشن کے مطابق بولی دہندگان اپنی سیل شدہ بولیاں صبح 10:30 بجے جمع کرائیں گے۔

نجکاری کے عمل کے لیے ریفرنس قیمت کی منظوری پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری دیں گے۔

شیڈول کے مطابق تقریب دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگی اور براہ راست نشر کی جائے گی۔ اس دوران بولیوں اور ریفرنس قیمت کا اعلان کیا جائے گا، اور نجکاری کا عمل طے شدہ ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی بولی کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اگر آپ میں یہ بیماری ہے تو پپیتا کھانے سے اجتناب کریں

حکومت پاکستان تمام قواعد و ضوابط کے مطابق نجکاری کے شفاف، قابل اعتماد اور مستند عمل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

نجکاری کمیشن نے واضح کیا کہ نجکاری کا عمل وزیرِ اعظم کے شفافیت کے ویژن کے مطابق تمام ٹی وی چینلز، حکومت پاکستان اور پرائیویٹائزیشن ڈویژن کے متعلقہ سوشل میڈیا ہینڈلز سے نشر کیا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی کیریئر کی نجکاری کی جا رہی ہے تاکہ لیجنڈ کی شان سے واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top