کیلاش وادیوں میں امن اور محبت کی خوشبو، چترموس تہوار نے سیاحوں کے دل جیت لیے

چترال: کیلاش قبیلے کا مشہور مذہبی تہوار چترموس (چاؤموس) اپنی رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ وادی بمبوریت میں اختتام پذیر ہو گیا۔

ترجمان محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا، محمد سعد کے مطابق تہوار کی شادی کی طرح کی رونقیں رمبور، بریر اور بمبوریت کی تینوں وادیوں میں منائی گئیں۔

تہوار کے دوران کیلاش کمیونٹی نے اپنی مختلف روایتی رسومات ادا کیں، جس میں مقامی رسم و رواج، مذہبی عبادات اور محبت و امن کے پیغامات شامل تھے۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کیلاش ثقافت کا لطف اٹھایا۔

محمد سعد نے بتایا کہ ٹورازم پولیس نے فیسٹیول کے دوران سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی اور لواری ٹنل و کیلاش وادیوں کے راستوں پر ڈیوٹی سرانجام دی۔ سیاح جانے سے قبل ٹورازم ہیلپ لائن 1422 سے معلومات حاصل کر سکتے تھے۔

تہوار کی اہمیت کے حوالے سے محمد سعد نے کہا کہ یہ تہوار موسم سرما میں خوشی، امن اور اتحاد کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو انتہائی قابل احترام شخصیت قرار دیدیا، پاک بھارت جنگ رکوانےکا بھی ذکر

کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی مختلف سہولیات فراہم کیں تاکہ سیاح محفوظ اور خوشگوار تجربہ حاصل کر سکیں۔

تہوار کے دوران کیلاش کمیونٹی نے پھل، سبزیاں اور خشک میوے ایک دوسرے میں تقسیم کیے اور امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔

یہ تہوار نہ صرف کیلاش ثقافت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ چترال میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Scroll to Top