سونے کی قیمت میں نیا ریکارڈ، فی تولہ 470,862 روپے تک پہنچ گیا
تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمت میں آج پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی توجہ سونے کی جانب مرکوز ہوگئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق، آج مقامی مارکیٹ میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 8,500 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ پہلی بار 470,862 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح، 24 کیرٹ کے دس گرام سونے کے دام بھی تاریخ میں پہلی بار 400,000 روپے سے تجاوز کر گئے اور 7,288 روپے کے اضافے کے ساتھ 403,688 روپے پر جا پہنچے۔
چاندی کی فی تولہ قیمت آج بغیر کسی تبدیلی کے 7,205 روپے کی ریکارڈ سطح پر برقرار ہے۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی اونس سونے نے 85 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4,485 ڈالر کی ریکارڈ سطح کو چھو لیا۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ملکی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کے اتار چڑھاؤ نے مقامی قیمتوں میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے
سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے پیش نظر سرمایہ کاروں اور صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مارکیٹ کی صورتحال پر نظر رکھیں اور خریداری یا سرمایہ کاری میں احتیاط برتیں۔





