اسلام آباد: بابائے قوم اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں قائداعظم کی بے مثال جدوجہد، قیادت اور ویژن کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد کراچی میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جبکہ قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں گارڈ آف آنر اور پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔
ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور خصوصی تقریبات کے ذریعے بابائے قوم کی خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور پیش کر کے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔
ان کی قیادت میں مسلمانوں نے ایک آزاد ریاست کے قیام کی جدوجہد کی، جو 14 اگست 1947 کو پاکستان کی صورت میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
قائداعظم 25 دسمبر 1876 کو کراچی کے ایک تاجر گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرسۃ الاسلام کراچی سے حاصل کی بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن گئے جہاں سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : دبئی میں پاکستانی ہیرو کا چرچا، ارشد ندیم کو عالمی اسپورٹس ایوارڈ ملنے جا رہا ہے
انہوں نے سیاسی سفر کا آغاز انڈین نیشنل کانگریس سے کیا، تاہم بعد میں مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت سنبھالی۔
قوم آج اس عہد کی تجدید کر رہی ہے کہ قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔





