وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کل تین روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے جہاں وہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ارکانِ پارلیمنٹ، ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورہ لاہور کا شیڈول سامنے آ گیا ہےجس کے تحت سہیل آفریدی جوہر ٹاؤن میں قیام کریں گے۔ دورے کے دوران وہ پی ٹی آئی کے ارکانِ پارلیمنٹ، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ ان کے زمان پارک، لبرٹی چوک، لبرٹی مارکیٹ اور جی پی چوک جانے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور حماد اظہر کی رہائش گاہوں پر بھی جا سکتے ہیں جبکہ ان کی شاہ محمود قریشی سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد،ڈاکٹر وردہ کیس میں بڑی پیش رفت
شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 27 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء سے خطاب کریں گےجبکہ 28 دسمبر کو تمام ملاقاتیں مکمل کرنے کے بعد خیبرپختونخوا واپس روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پارٹی کارکنان اور متعدد اراکینِ اسمبلی کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔
دورے کا مقصد آئندہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے پارٹی کارکنان اور قیادت کو منظم کرنا اور پارٹی کے گرفتار رہنما عمران خان کی رہائی کے لیے ممکنہ تحریک پر مشاورت کرنا ہے۔





