نوشہرہ: بلدیاتی نمائندوں نے اسمبلی کے سامنے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا

فضل نبی
نوشہرہ: بلدیاتی نمائندوں نے خیبرپختونخوا میں مستحکم بلدیاتی نظام، ترقیاتی فنڈز اور اختیارات کی عدم فراہمی کے خلاف پرامن احتجاج کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ یہ احتجاج 5 جنوری کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے منعقد ہوگا۔

اس سلسلے میں تحصیل چئیرمین پبی نوشہرہ غیور خٹک کی رہائشگاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا اور مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے کی۔

اجلاس میں ہارون صفت تحصیل چئیرمین پشتخرہ پشاور، کوآرڈینیٹر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن انتظار خلیل، چئیرمین تیمور کمال، چئیرمین ارشد شاہ، تحصیل چئیرمین غلام حقانی سمیت متعدد بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں مقررین نے کہا کہ مقامی حکومتیں نچلی سطح پر بہترین طرز حکمرانی قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، لیکن پی ٹی آئی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔

بلدیاتی نمائندوں نے گزشتہ تین سالوں میں متعدد پرامن احتجاج کیے، جن پر صوبائی حکومت کی جانب سے شیلنگ، لاٹھی چارج اور متعدد گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شدید دھند، حدِ نگاہ متاثر، موٹروے کئی حصوں میں بند

مقررین نے کہا کہ ہر احتجاج کے دوران صوبائی حکومت، بالخصوص سابق وزیر اعلیٰ محمود خان اور سردار علی آمین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات بھی ہوئے اور متعدد وعدے کیے گئے، جن کے منٹس موجود ہیں، مگر آج تک ان وعدوں پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

اجلاس میں 5 جنوری کے احتجاج کے انتظامات کے لیے کمیٹیوں کی تشکیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے، تاکہ احتجاج پرامن اور منظم انداز میں کیا جا سکے۔

Scroll to Top