وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ سے آن لائن کھلی کچہریوں کے سلسلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے آن لائن کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عمران خان کے وژن آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ کے پیٹرن پر عوام کو سہولت فراہم کرنے کا حصہ ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو 14 دنوں کے اندر حل کیا جائے اور اس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
آن لائن کچہری کے دوران وزیر اعلیٰ نے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی اور عملے کی غیر موجودگی سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کا حکم دیا اور صوبائی معیار کے مطابق چالیس طلبہ پر ایک استاد کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سیکنڈ شفٹ اساتذہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور کم سے کم ماہانہ تنخواہ پالیسی کے نفاذ کے ساتھ ساتھ تنخواہوں کی براہ راست اساتذہ کے اکاؤنٹس میں منتقلی کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے پبلک ٹرانسپورٹ میں سواریوں کی تعداد اور کرایہ ناموں پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔
انہوں نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے حکام کے اچانک دورے کرنے کی ہدایت بھی دی۔
سہیل آفریدی نے سابق فاٹا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے گیمز کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی نوجوانوں کو کھیلوں میں بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ضلع باجوڑ میں لنک روڈز کی بحالی، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی خدمات سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کی بھی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت نے اسٹامپ پیپر سے متعلق بڑا حکم جاری کر دیا
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جس طرح عمران خان قوم کا درد رکھتے ہیں اسی طرح آپ کا وزیر اعلیٰ بھی آپ کے ساتھ ہے۔





