ن لیگ کے پاس کوئی وژن نہیں، سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے، شفیع جان

اسلام آباد: خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے اور اس کے پاس کوئی واضح وژن موجود نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیزیں ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہیں، اسی لیے پہلے 9 مئی اور اب پہیہ جام ہڑتال کے حوالے سے شور مچایا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ تحریک انصاف کی پہیہ جام ہڑتال میں کوئی تشدد یا زبردستی شامل نہیں ہوگی اور یہ تحریک کامیاب ہونے کے امکانات نہیں رکھتی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر تحریک ناکام ہے تو لبرٹی اور دیگر علاقے بند کرنے کی ضرورت کیوں پڑی۔

شفیع جان نے کہا کہ جب تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں آتی ہے تو صوبائی حکومت انہیں سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی کے پنجاب کے دورے کے حوالے سے پنجاب حکومت کو خط لکھا گیا تھا اور وہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے وہاں گئے تھے۔

ان کے مطابق پنجاب اسمبلی سے 500 میٹر دور انہیں اتارا گیا، صرف وزیراعلیٰ کی گاڑی کو جانے کی اجازت دی گئی اور عظمیٰ بخاری کے کہنے پر 9 صحافیوں کو اسمبلی میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی، ٹی ٹی پی کی سہولت کار، ترجمان بھی مذمت سے کتراتے ہیں، عطا تارڑ

مزید برآں شفیع جان نے کہا کہ سندھ حکومت نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ایئرپورٹ سے باغ جناح اور کراچی پریس کلب تک کہیں بھی انہیں روکا نہیں گیا، حالانکہ ایئرپورٹ سے باغ جناح پہنچنے میں چھ گھنٹے لگے کیونکہ سڑکوں پر غیر معمولی رش تھا۔

انہوں نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے پاس عوامی اعتماد اور وژن نہیں، اس لیے وہ عوامی توجہ ہٹانے کے لیے ہڑتالوں اور احتجاجی سرگرمیوں کا سہارا لے رہی ہے۔

Scroll to Top