پاکستان مسلم لیگ ن کےرہنما زاہد خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن زاہد خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں شام کے بعد مکمل لاک ڈاؤن جیسی صورتحال ہے۔
زاہد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے لیکن وہ خود بھی وہاں جانے سے قاصر ہیں جبکہ کے پی کی موجودہ صورتحال وفاقی حکومت کے لیے ایک بڑا امتحان بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو سیکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال پر مکمل بریفنگ دے دی گئی ہے اور متاثرہ علاقوں میں توانائی اور ترقیاتی منصوبے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں شام کے بعد پولیس کی نقل و حرکت بھی محدود ہو گئی ہے اور وزرا و منتخب نمائندے اپنے ہی اضلاع میں جانے سے قاصر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف کے بیان پر شفیع جان کا سخت ردعمل
زاہد خان نے مزید کہا کہ حالات کا مکمل نقشہ وزیراعظم کے سامنے رکھ دیا گیا ہے اور ان کی ہدایت پر ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو امن و امان کی بہتری کے فوری اقدامات پر غور کرے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ حکومت کی ترجیح اس وقت امن، بہتری اور استحکام ہے اور اگر حالات قابو میں نہ آئے تو آئینی راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔





