وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور معرکہ حق میں نہ صرف دفاعی محاذ پر کامیابی حاصل کی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوئی۔
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2025 پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سال ثابت ہوا، اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یو این کی رپورٹ میں بھی بھارت کی خلاف ورزی کی تصدیق ہوئی اور پوری دنیا نے جنگ کے دوران پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سفارتی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ گئے ہیں، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی، سعودی عرب اور بنگلہ دیش کے ساتھ بھی تعلقات میں پچھلے عرصے کے بعد بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کو دفاعی اور سفارتی محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کا کریڈٹ جاتا ہے۔
اقتصادی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ 2025 کو معاشی استحکام کے حوالے سے کامیاب سال قرار دیا جا رہا ہے اور پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے مکمل طور پر باہر آ چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا این ایف سی فنڈز نہ ملنے کا دعویٰ جھوٹ ہے، وزیر مملکت عقیل ملک
انہوں نے سابق حکومت پر الزام لگایا کہ 2022 میں سائفر معاملے کے باعث خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا گیا اور آئی ایم ایف پروگرام کو سبوتاژ کیا گیا۔
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے معاشی بحالی کا عمل تیز ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید معاشی بہتری کی توقع ہے۔





