ڈاکٹر وردہ کیس، ایف آئی اے کا تحریری جواب سامنے آگیا

حمد اللہ
ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں کسی قسم کے مالی یا سائبر جرائم کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے ایبٹ آباد پولیس کو بھیجا گیا تحریری جواب سامنے آ گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ کیس کے ملزمان منی لانڈرنگ، مالی بدعنوانی یا سائبر کرائم میں ملوث نہیں پائے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق نہ تو ملزمان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہے اور نہ ہی کوئی انکوائری زیرِ التوا ہے۔

خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان سے متعلق کوئی خفیہ یا انٹیلی جنس نوعیت کی معلومات بھی ایف آئی اے کے پاس دستیاب نہیں ہیں۔ تاہم سفری ریکارڈ، واچ لسٹ یا اسٹاپ لسٹ سے متعلق معلومات کے لیے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد نے ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں ایف آئی اے کو خط ارسال کیا تھاجس میں نامزد ملزمان عبدالوحید، ندیم اور ردا جدون کی مالی تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔

پولیس نے ایف آئی اے سے ممکنہ مشکوک مالی لین دین، بیرونِ ملک سفر کی تفصیلات اور ملزمان کے واچ لسٹ اسٹیٹس سے متعلق معلومات بھی مانگی تھیںجس پر ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ پولیس کو ارسال کر دی ہے۔

Scroll to Top