پشاورپولیس کی بڑی کارروائی،نوجوان نسل کو بے راہ روی کی طرف مائل کرنے والا گروہ بے نقاب

کامران علی شاہ

پشاور کے تھانہ فقیر آباد پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران نوجوان نسل کو بے راہ روی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے سمیت مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مجتبیٰ، حیدر علی، نور، سدیس، نعمان اور محمد شفیق سمیت دیگر ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد نوجوانوں کو موبائل فونز اور کمپیوٹر سسٹمز کے ذریعے پب جی گیم اور دیگر غیر اخلاقی مواد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے، جس سے کم عمر اور نوجوان نسل کے اخلاقی و تعلیمی مستقبل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔

پولیس کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک کلو گرام آئس، ایک پستول، غیر اخلاقی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے متعدد موبائل فونز، کمپیوٹر سسٹمز اور دیگر آلات برآمد کر کے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق نوجوان نسل کے مستقبل کے تحفظ اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Scroll to Top