خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
صوبائی دارلحکومت پشاور میں موسم ابر آلود ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں گہرے بادلوں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔
خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری جاری ہے۔ جنوبی وزیرستان اپر کے لدھا، مکین شوال، بدر اور کاروان مانزہ سمیت کئی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے جبکہ شمالی وزیرستان کے رزمک اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ برقرار ہے۔
اس طرح چترال (بالائی و زیریں)، دیر (بالائی و زیریں)، باجوڑ، ملاکنڈ، سوات اور بونیر میں اکثر مقامات پر بارش شروع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہورہی ہے۔
اسی طرح شانگلہ، کوہستان (بالائی و زیریں)، کولئی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کے ساتھ بلند پہاڑوں پر برفباری کے امکانات موجود ہیں۔
محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ برفباری اور بارش کے دوران حفاظتی اقدامات پر عمل کریں، کیونکہ اس بار موسم کی شدت شدید سے شدید تر ہو سکتی ہے۔





