کرکٹ کا جنون لوٹ آیا! پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20 کب اور کہاں کھیلا جائیگا؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

کرکٹ کا جنون لوٹ آیا! پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20 کب اور کہاں کھیلا جائیگا؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کا طویل انتظار ختم ہونے جا رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ شام 4 بجے شروع ہوگا، جس کیلئے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم پوری طرح تیار کر لیا گیا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے ٹی 20 میچ میں اسٹار بلے باز ٹریوس ہیڈ کے آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کرنے کا قوی امکان ہے، جبکہ مستقل کپتان مچل مارش کو ابتدائی میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس کے بھی پہلے میچ میں نہ کھیلنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ مچل مارش اور جوش انگلس نے اتوار کے روز بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کا فائنل کھیلا تھا، جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ ان کی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آرام دینے پر غور کر رہی ہے۔

دوسری جانب سیریز کے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ کمنٹری پینل میں سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر سائمن کیٹچ شامل ہوں گے، جبکہ پاکستان کی نمائندگی سابق قومی کرکٹرز عامر سہیل، رمیز راجا، باذید خان اور عروج ممتاز کریں گے۔ معروف اسپورٹس اینکر زینب عباس سیریز کے دوران پریزنٹر کے فرائض انجام دیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 31 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تمام میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے، جبکہ شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔

یہ سیریز نہ صرف دونوں ٹیموں کیلئے اہم ہے بلکہ شائقین کیلئے بھی کرکٹ کے بھرپور ایکشن اور تفریح کا باعث بنے گی۔

Scroll to Top