تحریک انصاف جلسے کی تیاریاں عروج پر: عمران خان کی رہائی کے حوالے سے بڑا اعلان متوقع

جمرود میں جہاں کل پاکستان تحریک انصاف کے زیرِ اہتمام ایک بڑے جلسے کی تیاریاں عروج پر ہیں وہیں پارٹی قیادت کی جانب سے اسے جرگے کا نام بھی دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اجتماع میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے حوالے سے اہم اعلان متوقع ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ صوبے میں عوام کا پرسانِ حال نہیں، دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ مہنگائی، بے روزگاری، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی مسائل حل ہونے کے بجائے مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی حکومت کی ترجیحات پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو جلسے، جلوسوں اور ریلیوں سے فرصت نہیں، جس کے باعث گورننس متاثر ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ صوبے کے وسائل اور عوامی پیسے کو سیاسی سرگرمیوں پر خرچ کیا جا رہا ہے جبکہ امن و امان اور عوامی مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ادھر عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت کی اولین ذمہ داری دہشت گردی پر قابو پانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہونی چاہیے۔ عوام کا کہنا ہے کہ سیاسی طاقت کے مظاہروں سے ان کے مسائل میں کوئی کمی نہیں آ رہی۔

جمرود میں ہونے والا یہ جلسہ جہاں تحریک انصاف کے لیے سیاسی طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے، وہیں صوبے میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید بھی سامنے آ رہی ہے۔

Scroll to Top