افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہا ہے،سی این این رپورٹ

افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہا ہے،سی این این رپورٹ

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ اب پاکستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہو رہا ہے اور یہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں ایک بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسے دہشت گرد گروپ امریکی ساختہ رائفلز، مشین گنز اور اسنائپر ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں، جس کے باعث حملوں کی شدت اور نوعیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سی این این کے مطابق، امریکی انخلا کے دوران افغانستان میں تقریباً 3 لاکھ ہتھیار چھوڑے گئے، جو اب پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مہلک طاقت کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ خاص طور پر جنوبی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں یہی جدید امریکی ہتھیار استعمال ہوئے۔

سربراہ سگار جان سوپکو نے رپورٹ میں بتایا کہ یہ ہتھیار نہ صرف دہشت گردوں کی کارروائیوں کو مضبوط کر رہے ہیں بلکہ علاقے میں سیکیورٹی کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔

پاکستان کی حکومت نے متعدد مواقع پر افغان حکومت اور بین الاقوامی برادری کو اس بات کے واضح ثبوت فراہم کیے ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، اور دہشت گرد امریکی چھوڑا ہوا جدید اسلحہ پاکستان میں حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

یہ رپورٹ ایک بار پھر عالمی سطح پر تشویش کا سبب بن گئی ہے کہ غیر محفوظ طور پر چھوڑے گئے اسلحے کی وجہ سے دہشت گرد تنظیمیں نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سیکیورٹی کے لیے بھی خطرہ پیدا کر رہی ہیں۔

Scroll to Top