اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کا سفر نہ صرف سعودی عوام بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر اور قابلِ تحسین ہے۔
Warmest felicitations to the Custodian of the Two Holy Mosques, His Majesty King Salman bin Abdulaziz Al Saud, His Royal Highness Crown Prince Mohammed bin Salman, and the brotherly people of the Kingdom of Saudi Arabia on their National Day.
The Kingdom’s remarkable journey of…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 23, 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے بھائی، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب خوشحالی، جدیدیت اور جدت کی جانب اہم پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور آزمودہ برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، جن کی بنیاد مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط پر قائم ہے۔
وزیراعظم کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں پاکستان اور سعودی عرب کے یہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، جس کی بنیاد امن، سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے مشترکہ عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ اور مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کرکے اپنے دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم کیا ہے۔
مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اگست 2026 میں طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی مبینہ کوشش انتہائی قابلِ مذمت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کی کویت کے ولی عہد سے اہم ملاقات
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو درپیش کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔
پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حالیہ حوثی حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے، تاہم پاکستانی حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت فوری فوجی کارروائی پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور پاکستان علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات پر زور دے رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قومی دن کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دیرینہ برادرانہ دوستی مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔
انہوں نے دعا کی کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں۔
پاکستان سعودی عرب دوستی زندہ باد۔





