ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم سے متعلق ملازمین کے لیے اہم فیصلہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اخراجات اور ایندھن کی بچت کے لیے کفایت شعاری کے متعدد اقدامات نافذ کرتے ہوئے ملازمین کے لیے ورک فرام ہوم پالیسی کا اطلاق کردیا ہے۔ پالیسی کے تحت گھر سے کام کرنے والے ملازمین ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم کے حق دار نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق نئے انتظامات کے تحت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا 50 فیصد عملہ دفاتر میں فرائض انجام دے گا جبکہ باقی 50 فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ گھر سے کام کرنے والے ملازمین کے لیے روٹیشن ڈیوٹی روسٹر مرتب کیا جائے گا، جبکہ انہیں فون، ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے دستیاب رہنا ہوگا۔

ضرورت پڑنے کی صورت میں متعلقہ ملازمین کو صرف ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر طلب کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم نہیں دیا جائے گا، جبکہ مجاز افسر کی اجازت کے بغیر انہیں اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

کفایت شعاری اقدامات کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے آئندہ تین ماہ کے دوران ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مالی سال 2026-27 کے غیر ترقیاتی بجٹ میں بھی ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اجلاس ترجیحاً ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بھی ورچوئل طریقے سے منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے حالات بہت خراب ہیں، گورنر راج پر غور ہو رہا ہے، عقیل ملک

نئے کفایتی اقدامات کے مطابق اجلاسوں کی تعداد کو کم سے کم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ تمام پائیدار اشیا کی خریداری پر پابندی ہوگی۔ تاہم آئی ٹی سے متعلق سامان اس پابندی سے مستثنیٰ رہے گا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں آئندہ تین ماہ کے لیے بیرون ملک دوروں پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاہم اسکالرشپس، تربیتی کورسز، بین الاقوامی پروگرامز اور سرکاری معاہدوں کے تحت ہونے والے تربیتی پروگرام اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں اور حکومت کی جانب سے فنڈ کیے جانے والے سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔ ناگزیر تقریبات کے لیے صرف آڈیٹوریم اور دستیاب سرکاری سہولیات استعمال کی جائیں گی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اخراجات میں مزید کمی کے لیے پیپر لیس ورکنگ ماحول اپنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ سیکریٹریٹ کے مطابق تمام کفایت شعاری اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور مزید احکامات جاری ہونے تک جاری رہیں گے۔

Scroll to Top