وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھارتی حمایت یافتہ پراکسی فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرستوں کو سخت اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں خونریزی اور انتشار پھیلانے والوں کے لیے اب کوئی گنجائش نہیں رہی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن رد الفتنہ بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے والوں کے لیے واضح انتباہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے ایک فتنہ ہے جو معصوم شہریوں، مزدوروں اور نہتے لوگوں کو نشانہ بناتا ہے اور اس کا مقصد صوبے میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ فتنہ بھارت کی ایماء پر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی وحدت، ترقی اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ فتنہ انگیزی کی ہر کوشش کا مؤثر، فیصلہ کن اور قانون کے مطابق جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست الحمدللہ مضبوط ہے اور قوم متحد ہو کر دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف اٹھنے والا ہر ہاتھ نہ صرف پوری طاقت سے روکا جائے گا بلکہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہمیشہ کے لیے توڑ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن، ترقی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔





