آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ نے پاکستان کے لیے 148 رنز کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، اور کولمبو کی پچ پر ہونے والے کھیل نے شائقین کرکٹ کو پہلے ہی دن سے سنسنی میں مبتلا کر دیا۔
نیدرلینڈ کی اننگز کا آغاز اوپنرز مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے کیا، جنہوں نے ٹیم کو 28 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ تاہم، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے اوپنر لیوٹ 24 رنز کے ساتھ محمد نواز کا شکار بنے۔ تیسرے اوٹ ہونے والے کھلاڑی کولن ایکرمین 20 رنز بنا کر میدان سے رخصت ہوئے، جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز کے ساتھ محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔
پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں شاندار کم بیک کیا اور نیدرلینڈ کی ٹیم 147 رنز پر تمام وکٹیں گنوا بیٹھی۔ آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض گریں، جس سے پاکستان کو جیت کے لیے ایک معتدل لیکن چیلنجنگ ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔ نیدرلینڈ کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ باس ڈی لیڈ 30، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ وہ سری لنکا میں پہلی بار اس طرح کی پچ دیکھ رہے ہیں اور ٹیم میں موجود تین پیسرز کے ساتھ منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہر لمحے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں
نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ اگر ٹاس ان کے ہاتھ آتا تو وہ بھی پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، تاہم پہلے بیٹنگ پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے میچ کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ گروپ کے دیگر میچز بھی فیصلہ کن اہمیت کے حامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ افتتاحی دن پر 3 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں پاکستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز بمقابلہ اسکاٹ لینڈ اور بھارت بمقابلہ امریکا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس کی تھی، اور میچ کے دوران بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی، جس سے ٹاس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔





