محمد اعجاز آفریدی
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
صوبائی کابینہ کا اجلاس 10 فروری بروز منگل شام6 بجے وزیراعلی خیبرپختونخوامحمد سہیل آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوگی جس کے لئے محکمہ انتظامیہ خیبرپختونخوا نے تمام کابینہ اراکین کے نام مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلے کے ساتھ کابینہ اراکین کے نام 29 نکاتی ایجنڈہ بھی جاری کیا گیا جس پر کل ہونے والے کابینہ اجلاس میں غور کیا جائے گا اور منظوری دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ میں ٹریفک حادثہ، دو بہنیں جان کی بازی ہار گئیں
محکمہ انتظامی امور خیبرپختونخوا کی جانب سے کابینہ اراکین کے نام جاری ہونے والے مراسلے اور ایجنڈے کے مطابق کابینہ اجلاس میں کم آمدنی والے گھرانوں کے لئے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری دی جائے گی تاکہ مہنگائی کے باعث متاثرہ طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اسی طرح قرآن بورڈ کی ازسر نو تشکیل اور نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری کا معاملہ بھی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا، اس کے علاوہ اجلاس میں امن و امان اور سیکیورٹی سے متعلق امور بھی زیر غور آائیں گے۔
لیویز شہدا کے لواحقین کے لئے 385 ملین روپے کی اضافی گرانٹ جبکہ جنوبی اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری کےلئے اضافی فنڈز کی منظوری پر بھی متوقع ہے۔
انتظامی سطح پر ضلع ٹانک میں نئی تحصیل ٹانک ٹو کے قیام کی تجویز پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کالاش میرج بل 2025 اور ہندو میرج ترمیمی بل 2025 بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
اس طرح ترقیاتی منصوبوں کے تحت ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی تعمیر، آر پی سی مین ہول کورز کی تنصیب اور دیگر شہری سہولیات کے منصوبوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ مقامی حکومتوں کے آئندہ انتخابات کی تیاریوں سے متعلق معاملات بھی کابینہ میں زیر بحث آئیں گے۔





